پنجاب ،ہریانہ کی منڈیوں سے چاول فوری حاصل کیا جائے

,

   

احکامات جاری ، شیڈول سے ایک ہفتہ قبل حکومت کافیصلہ ، 3 متنازعہ زرعی بلس کیخلاف کسانوں کے احتجاج کا اثر

نئی دہلی : متنازعہ زرعی بلس کی پارلیمنٹ میں منظوری کے خلاف ملک میں کسانوں کے شدید احتجاج کے درمیان مرکزی حکومت نے آج احتجاج سے شدید طور پر متاثرہ پنجاب اور ہریانہ سے چاول کے فوری حصول کے احکام جاری کئے ہیں۔ بالعموم خریف مارکٹنگ سیزن کا آغاز تمام ریاستوں میں آئندہ ہفتہ شروع ہوتا ہے لیکن مرکز نے پنجاب اور ہریانہ سے چاول کے حصول کی کارروائی آج ہی سے شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ مرکزی وزارت اُمور صارفین، غذا و عوامی نظام تقسیم نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ یکم اکتوبر سے خریف مارکیٹنگ سیزن کے لئے دھان اور چاول کے حصول کے آغاز کا شیڈول طئے ہے۔ چاول اور دھان حاصل کرنے والی ایجنسیاں بشمول فوڈ کارپوریشن آف انڈیا اس کارروائی کیلئے تیار ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پنجاب اور ہریانہ کی منڈیوں میں دھان کے قبل از وقت آنے سے حکومت نے ان دونوں ریاستوں سے دھان اور چاول کے حصول کی کارروائی آج ہی سے شروع کرنے کی اجازت دی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کسان اقل ترین امدادی قیمت پر اپنی پیداوار کو بہ آسانی فروخت کرسکے ۔ اس ضمن میں احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ حکومت نے یہ فیصلہ ایسے وقت کیا ہے جب پنجاب اور ہریانہ کے کسان تین متنازعہ زرعی بلس کی منظوری کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری فوڈ، سیول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیرس پی کے داس نے بتایا کہ دھان کی قسم PR-126 بھاری مقدار میں منڈیوں میں آچکی ہے۔