چندی گڑھ :وزیراعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے ریاست کے کسانوں اور زراعت کو بچانے کے لئے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ، آج اسمبلی میں ، مرکزی حکومت کے زراعت مخالف قوانین اور مجوزہ بجلی (ترمیمی) بل کو مسترد کرتے ہوئے تجویز کا مسودہ ایوان میں پیش کیا۔جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی ، انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے ریاست کے مفادات کیلئے پارٹی کے جذبات سے بالاتر ہوکرکام کرنے کی اپیل کی اور اس قرار داد کے ذریعے متفقہ طور پر زرعی قوانین اور مجوزہ بجلی ترمیمی بل کو منسوخ کرنے اور مرکزی حکومت سے نہ صرف ان قوانین کو کالعدم کرنے کیلئے بلکہ اناج کی کم از کم سہارا قیمت (ایم ایس پی) پرخریداری کو کاشتکاروں کا قانونی حق بنانے اور فوڈ کارپوریشن آف انڈیا ایسے دیگر ادارے سے نئے آرڈیننس جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ایوان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کل یہ بل پیش نہ ہونے کے بعد اپوزیشن کے کچھ ممبروں نے سیاسی فوائد حاصل کرنے کیلئے اسمبلی کی طرف ٹریکٹر مارچ کیا اور کچھ نے اسمبلی کے برآمدے پر رات تک کاٹ دی۔ وہ ایسی باتوں پر انہیں دکھ ہوتا ہے ۔ در حقیقت ، آج متعارف کرائے جانے والے بلوں پر ماہرین سے مشورہ کرنے کے بعد ، حکومت نے رات گئے ان بلوں پر دستخط کیے ۔
