پنجاب الیکشن میں قدآور لیڈروں کی بھرپور انتخابی مہم

   

چنڈی گڑھ : وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء امت شاہ اور راج ناتھ سنگھ، عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کے قدآور لیڈروں نے پنجاب کی انتخابی مہم کے آخری دنوں میں اپنی پوری طاقت جھونک دی۔ نریندر مودی نے چہارشنبہ کے روز پٹھان کوٹ، فیروز پور اور دیگر علاقوں میں بی جے پی اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ کانگریس لیڈروں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے منگل کے روز روڈ شو کیا اور عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت سے لے کر کانگریس کے بڑے لیڈر انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر سمرتی ایرانی سے لے کر گجیندر شیخاوت تک، بڑے بڑے لیڈران اور ہماچل کے وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر نے بھی اپنی پارٹی کے لیے مہم چلائی۔کانگریس کے بڑے لیڈر راہول گاندھی، پرینکا، رندیپ سورجے والا، راجیو شکلا، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل سمیت متعدد لیڈروں نے پارٹی امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائی، لیکن کانگریس کے باغی لیڈروں نے ہی پارٹی کے لیے مسائل پیدا کیے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کانگریس ہائی کمان ایسے لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر پائی ہے۔