ممبئی ۔ جارحانہ کھلاڑیوں کے درمیان کل ایک اور مقابلہ ہوگا جہاں پہلی مرتبہ سنجیو سیمسین پہلی مرتبہ راجستھان رائلز کی قیادت کررہے ہیں اور دوسری جانب پنجاب کنگس کے کپتان کے ایل راہول بھی بین الاقوامی سطح پر تعارف کے محتاج نہیں ۔ راجستھان کا زیادہ تر انحصار اپنے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کے علاوہ کپتان سنجیو کے علاوہ انگلش بیٹسمین جوش بٹلر پر ہوگا ۔ رائلز اپنی اننگز کا اغاز یشسوی جیسوال اور بٹلر کے ذریعہ کرسکتے ہیں جس کے بعد نئے کپتان سنجیو میدان سنبھال سکتے ہیں ۔ مڈل آرڈر میں انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس موجود ہیں جنہوں نے حالیہ ونڈے سیریز میں ہندوستان کے خلاف بہترین مظاہرہ کیا ہے اور وہ اپنے اس مظاہرہ کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہوں گے ۔ مذکورہ کھلاڑی اگر اپنے بہترین مظاہرے کو پیش کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو پھر وانکھیڈے کی وکٹ پر پنجاب کے بولروں کی خیر نہیں ہوگی کیونکہ یہاں کی وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہیں ۔ راجستھان نے آل راؤنڈر شیوم دوبے ، شریاس گوپال ، راہول تیواٹیا ، ریان پراگ اور لیام لینگس ٹوم کی خدمات حاصل کی ہیں ۔ گوپال ، راہول اور پراگ تینوں ہی لیگ اسپین کے ماہر ہیں اور امید کی جاسکتی ہے کہ کل کے مقابلے میں دو لیگ اسپنر کو شامل کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں راہول اور ڈوبے میں ہمالیائی چھکے مارنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جس کی وجہ سے ان کا قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل ہونا یقینی دکھائی دے رہا ہے ۔ اسٹار فاسٹ بولر جوبرا آرچر زخمی ہوکر ٹیم کو دستیاب نہیں ہے جس سے پنجاب کا فاسٹ بولنگ شعبہ پریشان ہوسکتا ہے لیکن کرس مورس جنہیں رواں سیزن 16.25 کروڑ روپئے میں خریداگیا ہے ، وہ ٹورنمنٹ کے مہینگے ترین بولر ہونے کی شناخت کے ساتھ انصاف کرنے کے خواہاں ہیں ۔ راجستھان کیلئے اپنے 4 بیرونی کھلاڑیوں کے ساتھ دیگر 7 کھلاڑیوں کا صحیح انتخاب کرنا ضروری ہوگا تاکہ پہلے مقابلے میں کامیابی کیلئے صحیح ٹیم میدان میں اترسکے ۔ یہ بھی دلچسپ فیصلہ ہوگا کہ ٹیم بنگلہ دیش کے تجربہ کار بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کو یا پھر جئے دیو انڈکڈ میں کس کا انتخاب کرتی ہے اور ساتھ ہی کارتک تیاگی یا چیتن سکاریا میں کسے موقع ملتا ہے ۔ جئے دیو کے تجربہ سے انہیں فوقیت دی جاسکتی ہے ۔ دوسری جانب پنجاب میں بھی کئی ایک معروف کھلاڑی موجود ہیں جن میں خاص کر کپتان کے ایل راہول جنہوں نے 2020 ء کے سیزن میں 670 رنز اسکور کئے تھے ان کے ہمراہ ساتھی اوپنر مائینک اگروال جنہوں نے 424 رنز بنائے تھے ۔ اس کے علاوہ یونیورسل باس کرس گیل بھی عوامی توجہ کا مرکز ہوں گے ۔ پنجاب کیلئے ٹی 20 کے عالمی نمبر ایک بیٹسمین ڈیبٹ میلان کی خدمات بھی دستیاب ہے ۔ دلچسپ پہلو ٹیم میں شامل ٹاملناڈو کے جارحانہ بیٹسمین شارخ خان ہوں گے ۔شاہ رخ خان کو دیپک ہوڈا اور سرفراز خان پر سبقت دی جاسکتی ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں انہوں نے گھریلو کرکٹ میں بہترین مظاہرہ کیا ۔