پنجاب اور کیرالا کے درمیان کل سے ترویندرم میںرانجی مقابلہ

   

چنڈی گڑھ، 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مندیپ سنگھ کی کپتانی والی پنجاب رانجی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ اے میچ میں 11-14 جنوری تک ترویندرم میں میزبان کیرالہ سے مقابلے میں اترے گی۔پنجاب نے اب تک چار میچوں میں 18 پوائنٹس حاصل کئے ہیں اور وہ ٹاپ پر ہے جبکہ ٹیبل میں 16 پوائنٹس کے ساتھ کرناٹک دوسرے نمبر پر ہے ۔ دوسری طرف کیرل کی رانجی ٹرافی میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے جس کے اکاؤنٹ میں چار میچوں میں تین ہی پوائنٹس ہیں۔پنجاب نے اب تک راجستھان کے خلاف بونس سمیت سات پوائنٹس، حیدرآباد کے خلاف سات پوائنٹس اور ودربھ کے خلاف تین پوائنٹس اور دہلی کے خلاف ایک پوائنٹس حاصل کیا ہے ۔ لیکن کیرل کے خلاف پنجاب ٹیم کے نائب کپتان اور اوپنر شبھمن گل کے بغیر اترے گی جو 17 جنوری سے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچوں میں ہندوستان اے ٹیم کی کپتانی کریں گے ۔اگرچہ ٹیم کے پاس بولنگ شعبہ میں میڈیم فاسٹ بولر سدھارتھ کول کی واپسی ہو رہی ہے جنہیں قومی کرکٹ اکیڈمی نے فٹ قرار دیا ہے ۔ پنجاب کی ٹیم کیرالہ کے بعد 19 جنوری سے ترویندرم سے ولساڑ کے دورے پر جائے گی جہاں وہ گجرات سے میچ کھیلے گی۔ پنجاب اپونے آخری دو گھریلو میچ آندھرا سے 4 فروری اور بنگال سے پٹیالہ میں بنگال کے خلاف کھیلے گی۔اگلے دور کے دیگر مقابلوں میں ایلیٹ گروپ اے میں آندھرا اور حیدرآباد کی ٹیمیں ایگول میں، بنگال اور ودربھ کی ٹیمیں ناگپور میں، راجستھان اور گجرات کی ٹیمیں جے پور میں 11-14 جنوری تک کھیلیں گی۔ایلیٹ گروپ بی میچوں میں ریلوے اور ایم پی کی ٹیمیں دہلی، سوراشٹر اور کرناٹک کی ٹیمیں راجکوٹ، تمل ناڈو اور ممبئی کی ٹیمیں چینائی ، یوپی اور بڑودہ کی ٹیمیں کانپور میں کھیلیں گی۔ ایلیٹ گروپ سی میں آسام اور چھتیس گڑھ کی ٹیمیں گوہاٹی، ہریانہ اور اڑیسہ کی ٹیمیں روہتک، جموں کشمیر اور سروسز کی ٹیمیں دہلی، تریپورہ اور اتراکھنڈ کی ٹیمیں اگرتلا میں کھیلنے اتریں گی۔