پنجاب جیل اُمور کے وزیر کی تلنگانہ کے وزیرداخلہ سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic


چیرلہ پلی جیل کا معائنہ، قیدیوں کی سدھار کیلئے اقدامات سے محمد محمود علی نے واقف کرایا
حیدرآباد : ریاست پنجاب کے وزیر اُمور جیل ایس ایچ سکھجندر ایس رندھوا نے ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی سے ان کے دفتر پر ملاقات کی۔ وہ محکمہ جیل پنجاب کے عہدیداروں کے ساتھ تلنگانہ کی جیلوں اور قیدیوں میں سدھار کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے حیدرآباد پہونچے ہیں۔ اس موقع پر ریاستی وزیرداخلہ نے پنجاب کے وزیر کا خیرمقدم کیا اور تہنیت پیش کرتے ہوئے چارمینار کا مومنٹو پیش کیا اور انھیں بتایا کہ تلنگانہ کی جیلوں میں محروس قیدیوں میں سدھار اور تبدیلیاں لانے کے لئے بڑے پیمانے پر اصلاحات کئے گئے ہیں اور مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ قیدیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انھیں کام کرنے کے لئے صنعتوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ قید کی سزا مکمل کرنے والے قیدیوں کو محکمہ جیل کے زیراہتمام چلائے جانے والے پٹرول پمپس میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ پنجاب جیل اُمور کے وزیر نے کہاکہ وہ آج عہدیداروں کے وفد کے ساتھ چیرلہ پلی اور اوپن ایئر جیل کا معائنہ کرچکے ہیں۔ جمعہ کو مزید چند جیلوں کا معائنہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر محکمہ جیل تلنگانہ کے ڈی جی راجیو ترویدی، آئی جی سائیدیا، پنجاب محکمہ جیل کے اے ڈی جی پی پروین کے سنہا، ایس پی ایس اوبرائے کے علاوہ دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔