پنجاب میل میں آگ کی افواہ سے سنسنی ، 6مسافرین زخمی

   

شاہجہاں پور : اترپردیش کے ضلع شاہجہاں پور کی سرحد میں اتوار کو امرتسرسے ہاوڑا جارہی ٹرین کے کوچ میں آگ لگنے کی افواہ پھیلنے کی بعد بھگڈڑ مچ گئی۔بھگڈر کے بعد ٹرین مسافر پل سے 20فٹ نیچے کود گئے ۔ حادثے میں 06 مسافر شدید طور سے زخمی ہوئے ہیں۔ سبھی زخمیوں کو شاہجہاں پور میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے ۔اسٹیشن سپرنٹنڈنٹ پی ایس تومر نے اتوار کو یواین آئی کو بتایا کہ ہاوڑا امرتسر ایکسپریس بریلی سے چلی تھی اس کے بعد شاہجہاں پور سرحد کے نزدیک پہنچنے پر ٹرین کے کوچ میں آگ لگنے کی افواہ کے بعد کوچ میں بھگڈڑ مچ گئی۔ بتایا جارہا ہے کہ کوچ میں آگ بجھانے والا سلنڈر رکھا ہوا تھا کسی مسافر نے سلنڈر کو آن کر دیا جس سے تیز دھواں نکلنے لگا۔ اس کے بعد ٹرین میں آگ لگنے کی افواہ پھیل گئی۔تومر نے بتایا کہ افواہ کے بعد ٹرین کے مسافر ندی کے اوپر بنے پل سے 20فٹ گہری کھائی میں کود گئے ۔ کچھ مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں لیکن 6مسافر شدید طور سے زخمی ہوگئے ۔ بتایا جارہا ہے کہ مسافروں کے پیر ٹوٹے ہیں اور کچھ کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔