پنجاب میں آدھار، ووٹر اور پین کارڈ کی معلومات کا غیر قانونی حصول

   

چنڈی گڑھ، 22 اگست (یو این آئی) پنجاب میں پولیس کو گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لوگوں کے آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی، پین کارڈ سمیت ذاتی دستاویزات حاصل کرنے اور شخصی معلومات اکٹھا کرنے سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پنجاب پولیس کے ترجمان نے جمعہ کو بتایا کہ پولیس کو یہ شکایات ملی ہیں کہ کچھ لوگ، خود کو ایک مخصوص سیاسی پارٹی سے تعلق رکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے نہ صرف عوام کا ذاتی ڈیٹا جمع کر رہے ہیں بلکہ ان کے سرکاری کام کروانے کے لیے ان سے کمیشن کے طور پر پیسے بھی وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بعض شہریوں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ ایسے افراد نے خود کو ایک خاص سیاسی جماعت سے جڑا ہوا بتا کر ان سے رابطہ کیا اور بہلا پھسلا کر ان کے بینک اکاؤنٹ نمبر لے لیے ، جس کے بعد ان کے بینک کھاتوں سے تمام رقم نکال لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام شکایات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے سماج دشمن عناصر سے دور رہیں اور کسی کو بھی اپنی نجی معلومات نہ دیں کیونکہ اس کا غلط استعمال ہو سکتا ہے۔