پنجاب میں آج رائے دہی ‘ تمام انتظامات مکمل

,

   

یوپی میں تیسرے مرحلہ کی 59 نشستوں کیلئے بھی ووٹ ڈالے جائیں گے
چندی گڑھ ؍ دہلی : پنجاب ریاستی اسمبلی کی تمام 117 نشستوں کیلئے ایک ہی مرحلہ میں اتوار 20 فبروری کو رائے دہی ہوگی۔ پنجاب کے 23 اضلاع پر مشتمل 117 نشستوں کیلئے 1034 امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاست میں 2.1 کروڑ اہل رائے دہندے ہیں۔ 2017ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 77 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ عام آدمی پارٹی نے 20 نشستوں کے ساتھ اہم اپوزیشن کا موقف حاصل کیا تھا۔ شرومنی اکالی دل نے 15 اور بی جے پی نے صرف 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس مرتبہ برسراقتدار کانگریس کے علاوہ عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور بی ایس پی۔ ایس اے ڈی اتحاد میدان میں ہیں اور آخری لمحوں تک رائے دہندوں کو راغب کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔چیف الیکٹورل آفیسر نے بتایا کہ تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور کوویڈ کے تمام قواعد پر عمل کیا جائیگا ۔ دوسری طرف اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 59 سیٹوں کے لیے بھی 20 فروری کو ہونے والی پولنگ ہوگی۔ تیسرے مرحلے میں 2.15 کروڑ ووٹرس 16 اضلاع کی 59 اسمبلی سیٹوں پر 627 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔اس مرحلے میں برج علاقے کے پانچ اضلاع فیروز آباد، ہاتھرس، مین پوری، ایٹا اور کاس گنج کی 19، اودھ علاقے کے کانپور، کانپور دیہات، اوریا، فرخ آباد، قنوج اور ایٹاوا ضلع کی 27 اور بندیل کھنڈ کے پانچ اضلاع جھانسی، جالون، للت پور، مہوبہ اور ہمیر پور کی 13 سیٹوں پر انتخاب ہونا ہے۔ تیسرے مرحلے میں نہ صرف یوگی حکومت کے وزراء بلکہ مرکزی وزیر کی ساکھ بھی داؤ پر لگ گئی ہے۔ ان میں مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل مین پوری کی کرہل سیٹ پر ایس پی صدر اکھلیش یادو کو چیلنج دے رہے ہیں۔