پنجاب میں بین الاقوامی سرحد پر دو کلوگرام ہیروئن ضبط

   

جالندھر، 3جنوری (سیاست ڈاٹ کام)بارڈر سیکورٹی فورس نے پنجاب میں فیرو زپور سیکٹر کی اگلی چوکی گٹی حیات علاقے میں دو کلوگرام ہیروئن برآمد کی ہے جس کی قیمت بین الاقوامی بازار میں بیس کروڑ روپے بتائی گئی ہے ۔بی ایس ایف کے ترجمان آر ایس کٹاریا نے یہاں بتایا کہ سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لئے پنجاب فرنٹے ئر کے ڈائریکٹر جنرل مکل گوئل کی ہدایت پر سرحد پر سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔ ہیروئن اسمگلنگ کی خفیہ اطلاع ملنے کی بنیاد پر جوان کل دیر رات گھات لگائے ہوئے تھے ۔ جوانوں نے سرحد پر اسمگلروں کی مشتبہ سرگرمی دیکھی۔ جوانوں کے للکارنے پر اسمگلر واپس پاکستان کی سرحد میں داخل ہوگئے ۔ جوانوں نے علاقے کی تلاشی لی تو وہاں چار پیکٹ ہیروئین برآمد ہوئی جن کا کل وزن دو کلوگرام ہے ۔مسٹر کٹاریا نے بتایا کہ بی ایس ایف نے اب تک 230کلوگرام سے زیادہ ہیروئن برآمد کی ہے اس کے علاوہ635کلوگرام افیم، سولہ ہتھیار، تین میگزین ، 502کارتوس، دس پاکستانی موبائل فون اور چھ دستی بم بھی برآمد کئے ہیں۔