حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے پنجاب کے چیف منسٹر کے عہدہ پر دلت کو مقرر کرتے ہوئے دلتوں کے بارے میں اپنی سنجیدگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ملک کی واحد ریاست ہے جہاں دلت چیف منسٹر ہیں اور یہ کانگریس پارٹی کا کارنامہ ہے۔ بی جے پی کی زیر قیادت کسی بھی ریاست میں دلت کو چیف منسٹر کا عہدہ نہیں دیا گیا۔ مانکیم ٹیگور آج گاندھی بھون میں پارٹی کے ایس سی سیل کی عاملہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن اور راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن کے عہدہ پر کانگریس نے دلت قائدین کو مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ریاست کی تشکیل کے بعد خود اس عہدہ پر فائز ہوگئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر صرف ووٹ حاصل کرنے کیلئے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات سے ہمدردی کررہے ہیں۔ ریاست میں 17 وزراء میں صرف ایک دلت وزیر کو شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت ریاستوں میں دلتوں کو حکومت میں نمائندگی دی گئی ہے۔ اجلاس سے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے ایس سی طبقہ سے اپیل کی کہ وہ دلت بندھو جیسی اسکیم کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم صرف حضورآباد میں کامیابی کیلئے متعارف کی گئی ہے۔ اجلاس سے مہیش کمار گوڑ، اے آئی سی سی سکریٹریز سمپت کمار، بوس راجو کے علاوہ پریتم، مدھو یاشکی، ظفر جاوید اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ر