پنجاب میں متاثرہ خاندانوں تک اشیائے ضروریہ پہنچانے ہائی ٹیک ڈرون مشن

   

امرتسر، 7 ستمبر (یو این آئی) پنجاب میں امرتسر دیہی پولیس نے دور دراز اور غیر منسلک علاقوں میں سیلاب میں پھنسے خاندانوں تک خوراک، ادویات اور ضروری اشیاء پہنچانے کے لیے ہائی ٹیک ڈرون مشن شروع کیا ہے ۔پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گوروو یادو نے اتوار کے روز بتایا کہ مشکل حالات میں جدت ہماری زندگی کی رگِ جاں بن جاتی ہے ۔ جب سڑکیں ٹوٹ گئیں تو ہمارا حوصلہ نہیں ٹوٹا۔ یہ ڈرون مشن صرف ایک تکنیکی ردعمل نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہے یہ ایک وعدہ ہے کہ کوئی بھی پیچھے نہیں چھوٹے گا۔

مودی کاکل سیلاب سے متاثرہ گرداسپور کا دورہ
چنڈی گڑھ، 7 ستمبر (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی سیلاب سے متاثرہ پنجاب میں حالات کا جائزہ لینے کے لیے 9 ستمبر کو گرداسپور کا دورہ کریں گے ۔ پنجاب کے تمام 23 اضلاع شدید سیلاب کی زد میں ہیں، جس سے ہزاروں افراد بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے ۔ اپنے دورے کے دوران، وزیر اعظم متاثرہ کسانوں اور کنبوں سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کے مسائل کو سمجھا جا سکے اور انہیں مرکز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جاسکے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پنجاب یونٹ نے اس دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بحران کی گھڑی میں پنجاب کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پٹھان کوٹ میں تین افراد لاپتہ ہیں۔ مویشیوں کے نقصانات کے حتمی اعداد و شمار تاحال موصول نہیں ہوئے ، لیکن مویشی پروری کو نمایاں نقصان ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔