پنجاب میں وزیر اعظم مودی کی سیکورٹی میں بڑی چوک، 15 منٹ تک مظاہرین نے روکا قافلہ، وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت سے مانگی رپورٹ

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک روزہ دورہ پنجاب کے دوران سیکورٹی میں بڑی چوک کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ کل صبح وزیر اعظم بٹھنڈہ پہنچے جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سے حسینی والا میں واقع قومی شہداء کی یادگار پر جانا تھا ۔ بارش اور کم بصارت کی وجہ سے وزیر اعظم نے تقریباً 20 منٹ تک موسم صاف ہونے کا انتظار کیا۔ جب موسم بہتر نہیں ہوا تو فیصلہ کیا گیا کہ وہ سڑک کے ذریعہ سے میموریل کا دورہ کریں گے جس میں 2 گھنٹے سے زیادہ وقت لگے گا۔ڈی جی پی پنجاب پولیس کی جانب سے ضروری حفاظتی انتظامات کی تصدیق کے بعد انہوں نے سڑک کے ذریعہ سفر شروع کیا۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ حسینی والا میں قومی شہداء کی یادگار سے تقریباً 30 کلومیٹر دور جب وزیر اعظم کا قافلہ فلائی اوور پر پہنچا تو پتہ چلا کہ کچھ مظاہرین نے سڑک بلاک کر دی تھی ۔ وزیر اعظم 15-20 منٹ تک فلائی اوور پر پھنسے رہے ۔ یہ وزیراعظم کی سیکورٹی میں ایک بڑی چوک تھی ۔وزارت داخلہ نے اس پورے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ریاستی حکومت نے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے ۔ ریاستی حکومت کو بھی اس کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔