پنجاب میں یکم جولائی سے ہر گھر میں 300 یونٹ مفت بجلی

   

چنڈی گڑھ: پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی بھگونت مان حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے بجلی کے وعدے کے حوالے سے بڑا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پنجاب میں ہر گھر کو 300 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔ اس پر یکم جولائی 2022 سے عمل آوری ہوگی ۔واضح رہے کہ ابھی کچھ دن پہلے عآپ کے ترجمان مالویندر سنگھ کانگ نے کہا تھا کہ پنجاب میں عوام کو 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کے منصوبے کا بلیو پرنٹ تقریباً تیار ہے۔ منگل کو وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا تھا کہ ان کی حکومت جلد ہی ریاست کے لوگوں کو ایک خوشخبری سنائے گی۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں بتایا تھا کہ اس معاملے میں ان کی پارٹی کے رہنما اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔تاہم یہ بات زیر بحث ہے کہ مفت بجلی کی فراہمی جولائی سے شروع ہو جائے گی، جبکہ مئی /جون بنیادی طور پر دھان کی بوائی کا وقت ہے۔ اس وقت کسانوں کو بجلی کی باقاعدہ فراہمی کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں پاور پلانٹس میں کوئلے کی قلت اور پودے لگانے کے سیزن کے بعد نافذہونے والے اس اصول کے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں یہ دیکھنا ہوگا۔خیال کیا جارہا تھا کہ حکومت اپنے اعلان کے وقت پر نظر ثانی کر سکتی ہے۔واضح رہے کہ کہ عام آدمی پارٹی کی کجریوال کی قیادت والی دہلی حکومت بھی دہلی میں 200 یونٹ بجلی مفت دیتی ہے۔ کجریوال نے پنجاب میں انتخابی مہم کے دوران بجلی کا مسئلہ نمایاں طور پر اٹھایا تھا۔