چندی گڑھ: پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے چہارشنبہ کے روز پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے محکمے ، محکمہ اسکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور زبانوں، دیہی ترقی اور سائنس، ٹیکنالوجی اور ماحولیات کے محکموں میں 497 نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کیلئے تقرری خط سونپے ۔نگر بھون میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت نے اقتدار میں آنے کے 35 ماہ میں نوجوانوں کو ریکارڈ 50,892 نوکریاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کیلئے انتہائی فخر اور اطمینان کی بات ہے کہ تمام ملازمتیں خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر دی گئی ہیں، بغیر کسی بدعنوانی اور اقربا پروری کے ۔مان نے کہا کہ بھرتی کے پورے عمل کیلئے ایک فول پروف نظام اپنایا گیا ہے جس کی وجہ سے ان تقریباً 50,000 ملازمتوں میں سے ایک بھی تقرری کو آج تک کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیا گیا۔