چندی گڑھ: 17 اکتوبر (ایجنسیز) پنجاب پولیس کے روپڑ رینج کے ڈی آئی جی ہرچرن سنگھ بھولر اور ان کے مبینہ ساتھی کرشنو کو جمعہ کے روز چندی گڑھ میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے دونوں کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔پیشی کے دوران بھولر نے اپنا چہرہ رومال سے ڈھانپ رکھا تھا۔عدالت کے جج نے انہیں رومال ہٹانے کا حکم دیا۔ میڈیا کے سوال پر بھولر نے مختصراً کہاکہ عدالت انصاف فراہم کرے گی۔ بھولر کے وکیل ایچ ایس دھنوا کے مطابق، ان کے موکل کو جمعرات کی صبح تقریباً 11:30 بجے حراست میں لیا گیا، تاہم گرفتاری رات 8 بجے باقاعدہ درج کی گئی۔ ڈی آئی جی کو عدالتی احکامات کے بعد بریل جیل منتقل کر دیا گیا۔ سی بی آئی کی ٹیم نے ڈی آئی جی بھولر کے گھر پر 21 گھنٹے طویل چھاپہ مارا اور 7 کروڑ کی نقد رقم، 15 جائیدادوں کی دستاویزات، قیمتی گاڑیوں کی چابیاں، اور کئی دیگر قیمتی اشیاء برآمد کئے۔