پنجاب کی خواتین کا اروندکجریوال کی رہائش گاہ پر احتجاج

,

   

وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ‘ خواتین‘ کانگریس اور بی جے پی کی ہیں ‘کجریوال کا الزام

نئی دہلی : پنجاب کی خواتین نے آج صبح دہلی کے سابق چیف منسٹرکیجریوال کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا۔ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی پارٹی (عآپ) نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے دوران انہیں 1000 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ کانگریس پارٹی نے بھی اس معاملے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عآپ پر جھوٹے وعدوں کا الزام عائد کیا ہے۔ پنجاب کانگریس کے صدر، امرندر سنگھ راجہ واڈنگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ احتجاج پنجاب میں عآپ حکومت کے وعدوں کی تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔راجہ واڈنگ نے کہا کہ پنجاب میں عآپ کی حکومت کو تین سال ہو گئے ہیں اور عوام نے ان کے وعدوں پر بھروسہ کر کے انہیں اکثریت دی تھی لیکن ان وعدوں میں سے کوئی بھی پورا نہیں ہوا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسا ہی وعدہ دہلی میں بھی کیا گیا ہے لیکن اس کا کوئی واضح روڈ میپ نہیں ہے۔ پنجاب میں خواتین کے ساتھ جو دھوکہ دہی کی گئی ہے وہی دہلی میں دوبارہ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دہلی کے عوام سے درخواست کی کہ وہ عآپ کے جھوٹے وعدوں میں نہ آئیں اور دہلی کی حالت پر توجہ دیں۔پنجاب کانگریس کے دیگر رہنماؤں میں پرتاپ سنگھ باجوہ نے بھی اس پر ردعمل دیا اور کہا کہ کانگریس پنجاب کے عوام کے ساتھ ہونے والی دھوکہ دہی کو دہلی میں دوہرانا نہیں چاہتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب کانگریس کے قائدین جلد ہی دہلی آئیں گے تاکہ پنجاب میں کی گئی دھوکہ دہی کے بارے میں عوامی طور پر آگاہی پیدا کی جا سکے۔اس احتجاج کے دوران دہلی پولیس نے ان خواتین کو حراست میں لے لیا جو کیجریوال کی رہائش کے باہر احتجاج کر رہی تھیں۔ دوسری جانب دہلی کانگریس کے صدر دیوندر یادو نے ایک بیان میں کہا کہ وہ پنجاب کانگریس کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو دہلی میں آ کر خواتین کو عآپ کے جھوٹے وعدوں سے آگاہ کر رہے ہیں۔کانگریس کے سینئر رہنما اجے ماکن نے کہا کہ پنجاب کی خواتین کے ساتھ جو دھوکہ دہی ہوئی ہے، اس کا جواب دہی کا وقت آ چکا ہے۔ اب دہلی کے عوام کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عآپ کے جھوٹے وعدوں سے بچنا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کہا تھا کہ ان کا نام ‘کیجریوال’ نہیں، بلکہ ‘فرضی وال’ ہونا چاہیے اور دوسری بات یہ کہ میں نے کہا تھا کہ یہ اینٹی نیشنل ہیں۔ جہاں تک ‘اینٹی نیشنل’ ہونے کا سوال ہے اس حوالے سے میں کل صبح ڈی پی سی سی میں پریس کانفرنس کروں گا اور اس وقت میں انکشاف کروں گا کہ کیجریوال کیوں اینٹی نیشنل ہے۔دریں اثنا، عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے خواتین کے احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ خواتین کانگریس اور بی جے پی کی پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں۔ یہ خواتین پنجاب سے نہیں آئی ہیں پنجاب کی خواتین ہمارے ساتھ ہیں اور انہیں عآپ پر مکمل اعتماد ہے۔