پنجاب کے تاجر نے کنٹراکٹر کے کام سے خوش ہوکر ایک کروڑ کی رولیکس گھڑی کا تحفہ دیا‘مقررہ مدت میں تعمیر اور فن کا شاندار مظاہرہ

   

چندی گڑھ ۔31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک بزنسمین نے اپنی 9 ایکر پر محیط جائیداد کی غیر معمولی ترقی سے متاثر ہوکر کنٹراکٹر کو ایک کروڑ روپئے مالیتی رولیکس گھڑی تحفہ میں پیش کی ہے۔ بزنسمین گردیپ دیو بھٹ نے کنٹراکٹر راجندر سنگھ روپرا کے غیر معمولی کام کی ستائش کی اور کہا کہ کنٹراکٹر نے مقررہ مدت میں معیاری کام تیزی سے انجام دیا ہے۔ کنٹراکٹر کی غیر معمولی صلاحیت اور فن کے مظاہرہ سے یہ پراپرٹی سارے علاقہ میں توجہ کا مرکز بن چکی ہے ۔ بزنسمین نے کنٹراکٹر کو 18 کیرٹ گولڈ کی رولیکس آسٹر گھڑی تحفہ میں پیش کی۔ یہ گھڑی انتہائی جاذب نظر اور کئی خوبیوں سے مزین ہے۔ پنجاب کے زیرک پور میں یہ پراجکٹ تعمیر کیا گیا۔ پنجاب کے شاہ کوٹ سے تعلق رکھنے والے کنٹراکٹر نے دو برسوں میں روزانہ 200 سے مائد لیبر کی خدمات حاصل کرتے ہوئے یہ قیمتی پراجکٹ مکمل کیا۔ بزنسمین گردیپ دیو بھٹ کا کہنا ہے کہ یہ محض ایک مکان نہیں ہے بلکہ فن تعمیر کا ایک غیر معمولی نمونہ ہے۔ انہوں نے کنٹراکٹر کے جذبہ اور ان کی محنت و جستجو کی ستائش کی۔ پراجکٹ کا ڈیزائن آرکیٹکٹ رنجودھ سنگھ نے تیار کیا۔ کنٹراکٹر کا کہنا ہے کہ اس پراجکٹ پر کام کرنا ان کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔