مرکزی حکومت سے اختلافات کے باوجود ملک کا مسئلہ آنے پر ہم نے کبھی سیاست نہیں کی
نئی دہلی/لدھیانہ ۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے منگل کو کہا کہ اگر ان کی پارٹی پنجاب میں حکومت بناتی ہے تو تمام ذات و مذاہب کے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ لدھیانہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ پنجاب میں خاص طور پر ہندوؤں اور تاجروں میں سیکورٹی کو لے کر کافی تشویش پائی جاتی ہے ۔ پنجاب دہشت گردی کے انتہائی برے دور سے گزر چکا ہے ، اس لیے نہ صرف ہندو بلکہ تمام لوگوں کے ذہنوں میں پنجاب کے امن و امان اور داخلی سلامتی کے حوالے سے بہت زیادہ تشویش پائی جاتی ہے کہ کسی بھی حالت میں وہ دور واپس نہ آ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے درمیان وزیر اعظم کی سیکورٹی کو لے کر گندی سیاست چل رہی ہے جس کی وجہ سے خاص طور پر ہندوؤں کے ذہنوں میں یہ تشویش ہے کہ یہ کیا ہو رہا ہے ۔ قومی اور بین الاقوامی سلامتی کے معاملے پر اس قسم کی سیاست اچھی نہیں ہے ۔ ایسی سیاست ہوگی تو سیکورٹی کون دے گا؟ جس طرح گزشتہ چند مہینوں میں پنجاب میں کئی واقعات ہوئے ہیں۔ جگہ جگہ ٹفن بم مل رہے ہیں، ڈرون بارڈر سے آتے ہیں۔ لدھیانہ میں بم دھماکہ ہوا اور بے ادبی کے واقعات ہوئے ۔ انہوں نے بتایاکہ آج میں پنجاب کے تمام لوگوں، ہندو، سکھ، عیسائی اور مسلمانوں سمیت تمام ذات و مذاہب کے تین کروڑ پنجابیوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ اگر عام آدمی پارٹی کی حکومت آئی تو آپ کی حفاظت کی ذمہ داری ہماری ہوگی۔ ہر فرد، ہر تاجر کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہوگی۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے بتایاکہ ہم دہلی میں گزشتہ سات برسوں سے حکومت کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت سے ہمارے بہت سے اختلافات ہیں۔ یہ صرف دو حکومتوں کے درمیان ہوتا ہے ۔ لیکن آپ نے دیکھا کہ جب بھی ملک کا مسئلہ آیا، جب بھی سماج اور لوگوں کا مسئلہ آیا، ہم نے کبھی اس پر سیاست نہیں کی۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ کورونا کے وقت مرکزی حکومت نے ہمیں کئی بار اکسایا لیکن اس کے باوجود ہم نے مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا اور دہلی کے اندر ہم نے کورونا کو اچھی طرح سنبھالا۔