پنجاب کے سابق وزیر کی رہائش گاہ پر گرینیڈ حملہ کیس میں این آئی اے کی چارج شیٹ داخل

   

نئی دہلی، 5 اکتوبر (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے پنجاب کے سابق وزیر منورنجن کالیا کی رہائش گاہ پر گرینیڈ حملے کے سلسلے میں چار افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے ۔ ایجنسی نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ہریانہ کے تین اور اتر پردیش کے ایک شخص کو ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔ چارج شیٹ میں امروہہ (یوپی) کے سید الامین، کروکشیتر (ہریانہ) کے ابھیجوت جانگڑا، یمنا نگر (ہریانہ) کے کلبیر سنگھ سدھو اور کرنال (ہریانہ) کے منیش عرف کاکا رانا کے نام شامل ہیں۔ دو ملزمین سید الامین اور ابھیجوت کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، جبکہ کلبیر اور منیش مفرور ہیں۔ ان چاروں پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، تعزیرات ہند (آئی پی سی) اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پنجاب کے جالندھر میں کالیا کے گھر پر 7 اپریل کی رات کو گرینیڈ سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس معاملے کی جانچ 12 اپریل کو این آئی اے کو سونپی گئی تھی۔ این آئی اے کے مطابق ممنوعہ دہشت گرد تنظیم ببر خالصہ انٹرنیشنل کے رکن کلبیر سنگھ نے ملزم منیش کے ساتھ مل کر دہشت گرد گروہ بنانے کی سازش کی۔ ان کا مقصد پنجاب میں اہم رہنماؤں کو نشانہ بنا کر عوام میں دہشت پھیلانا اور بھتہ خوری کے ذریعے اپنی تنظیم کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا تھا۔ منیش نے پھر سید الامین کو بھرتی کیا، جس نے حملے کی رات گرینیڈ پھینکا۔ کلبیر نے سیدالامین کو گرینیڈ فراہم کیا اور ابھیجوت نے دہشت گردی کی کارروائی کے لیے فنڈ فراہم کیا۔ حملے کے بعد کلبیر نے ایک پوسٹر جاری کیا جس میں منیش کے ساتھ سازش کرنے کی ذمہ داری قبول کی گئی۔ کلبیر کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا گیا ہے اور اس کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے ۔
کُلبیر کو اپریل 2024 میں وی ایچ پی لیڈر وکاس پربھاکر کے قتل کیس میں این آئی اے نے چارج شیٹ کیا تھا۔ این آئی اے نے مفرور افراد کو تلاش کرنے اور گرفتار کرنے اور تنظیم کے دیگر ارکان کی شناخت کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔