حیدرآباد4جون (یواین آئی) پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں ایک دلچسپ اور حیرت انگیز منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب وہاں کے طلبہ نے تلگو زبان میں نہ صرف اسباق پڑھے بلکہ اسے لکھا اور گایا بھی۔ مرکزی حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت منعقدہ تربیتی کیمپس کے دوران، پنجاب کے طلبہ کو تلگو زبان کی بنیادی معلومات فراہم کی گئیں۔طلبہ نے تلگو زبان میں مختلف موسیقی کے آلات، پھلوں، سبزیوں، اور پکوانوں کے نام نہ صرف سیکھے بلکہ روانی سے لکھنے اور بولنے کی مشق بھی کی۔ دریاؤں کے نام، تلگو میں خیرمقدمی الفاظ، اور تاریخی عمارتوں کے نام بھی تلفظ کے ساتھ ادا کیے ، جس پر وہ بے حد خوش دکھائی دیئے ۔چند طلبہ نے تلگو گیت گا کر سامعین کو محظوظ کیا اور اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ’’آپریشن سندور‘‘ سے متعلق تلگو زبان میں بنائے گئے پوسٹرس بھی نمائش کیلئے پیش کئے گئے ۔ اس تربیت میں شامل اساتذہ نے بتایا کہ طلبہ نے تلگو زبان کے بنیادی حروف کو بھی سیکھا، جس پر سب نے ان کی لگن اور سیکھنے کے جذبہ کی ستائش کی گئی۔