منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ ، گروہی رقابت اور دیگر غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائی
چنڈی گڑھ : نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے پیر کی صبح شمالی ہندوستان میں تقریباً 50 مقامات پر منشیات کی دہشت گردی، ہتھیاروں کی اسمگلنگ، گروہی رقابت اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث منظم دہشت گرد گروہوںکے خلاف چھاپے مارے ۔ سرچ آپریشن کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث منظم گروہوں کی ایک بڑی سازش کی تحقیقات کرنا ہے ۔ شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں چھاپے مارے جانے کی اطلاع ملی ہے۔ چھاپے سے ایک دن پہلے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گورو یادو نے سدھو موسی والا قتل کیس پر ایک پریس کانفرنس کے دوران پنجاب کے گینگ اور پاکستان سے کام کرنے والے دہشت گرد گروپوں کے درمیان گٹھ جوڑ کی طرف اشارہ کیا تھا۔سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسیوں سے اطلاعات ملنے کے بعد دہلی سے این آئی اے کی ٹیم نے پنجاب کے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ۔ ٹیم نے صبح سری مکتسر صاحب میں دو گھروں پر چھاپہ مارا۔ ان میں ایک بوٹ فروش اور دوسرا گینگسٹر گولڈی برار کا گھر شامل ہے ۔ این آئی اے کی ٹیم سری مکتسر صاحب پولیس کے ساتھ سب سے پہلے بگوالی گلی میں واقع پیپل والی لنک گلی میں جوتے بیچنے والے کے گھر پہنچی۔ ٹیم نے گھر والوں سے پوچھ گچھ کی۔ ٹیم نے ان سے ایک موبائل فون کی سم کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ اس کے بعد ٹیم گینگسٹر گولڈی برار کے گھر پہنچی اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی۔ گینگسٹر گولڈی برار کا خاندان سری مکتسر صاحب میں رہتا ہے ۔ گولڈی برار کے والد شمشیر سنگھ پنجاب پولیس میں اے ایس آئی تھے ، جنہیں 2021 میں برطرف کر دیا گیا تھا۔این آئی اے کی ٹیم فرید کوٹ کے کوٹکپورہ شہر میں واقع ایک فیکٹری میں تین گھنٹے کی تلاشی کے بعد گینگسٹر ونے دیوڈا کے گھر پہنچی۔ ٹیم نے لدھیانہ کے ڈوراہا کے گاؤں راج گڑھ میں بھی چھاپہ مارا۔ ٹیم نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے ساتھی روی راج گڑھ کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اس کے علاوہ کھنہ کے ایک ہوٹل میں بھی سرچ آپریشن جاری ہے ۔این آئی اے کی ٹیم نے پیر کی صبح امرتسر میں گینگسٹر شبھم کے گھر پر بھی دستک دی۔ شام 4.30 بجے کے قریب پہنچی ٹیم نے مجیٹھا روڈ 88 فٹ روڈ پر شبھم کے گھر کے باہر لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ لوگوں نے ٹیم کو بتایا کہ پچھلے چار پانچ برسوں سے یہاں کوئی نہیں رہ رہا ہے ۔