پنجاب کے گورنر کی وزیر اعلیٰ مان سے ملاقات

   

موہالی، 10 ستمبر (یواین آئی) پنجاب کے گورنر اور چنڈی گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر گلاب چند کٹاریا چہارشنبہ کو موہالی کے فورٹس اسپتال پہنچے اور وزیر اعلی بھگونت سنگھ سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ پنجاب کے دوران کئی بار وزیراعلیٰ مسٹر مان کی صحت کے بارے میں پوچھا اور انہیں ہدایت دی کہ چنڈی گڑھ پہنچنے پر اسپتال جاکر وزیراعلیٰ سے ملاقات ضرور کریں۔ کٹاریہ آج صبح تقریباً 10 بجے فورٹس اسپتال پہنچے اور مسٹر مان سے بات کی۔ اس دوران وزیراعظم کے دورہ پنجاب نیز وزیراعلیٰ اور حکام سے ملاقات کے ساتھ میٹنگ کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ گورنر نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے پنجاب کو فی الحال 16000 کروڑ روپے کی امدادی رقم دی گئی ہے ، جسے صرف ابتدائی امداد کے طور پر سمجھا جانا چاہئے۔
پورے نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد 100 فیصد امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کے جائزے سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ پنجاب کو ہماچل پردیش سے زیادہ نقصان پہنچا ہے ۔ ایسے میں آنے والے دنوں میں مرکز سے مزید امدادی رقم ملنے کا امکان ہے ۔
صحت کے حوالے سے گورنر نے وزیراعلیٰ کو مشورہ دیا کہ اگر ان کی صحت مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہے تو انہیں مزید ایک یا دو دن اسپتال میں رہنا چاہیے ۔ تاہم ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کو آج ہی اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے ۔