جالندھر، 16ستمبر (یو این آئی) پنجاب یوتھ کانگریس کے سیکریٹری اور امرتسر ایسٹ کے کوآرڈینیٹر انگد دتہ نے منگل کے روز بتایا کہ بھارتیہ یوتھ کانگریس کے قومی صدر اُدے بھانو چھیب اور قومی جنرل سکریٹری و پنجاب انچارج ڈاکٹر اسمرتی رنجن لینکا کی ہدایت پر پنجاب یوتھ کانگریس نے پورے صوبے میں بوتھ سطح پر ووٹر لسٹ کی جانچ مہم کا آغاز کیا ہے دتہ نے بتایا کہ انہوں نے ڈیفنس کالونی، جالندھر کینٹ میں ووٹر لسٹ کی جانچ کی۔ اس دوران انہوں نے ایک سنگین گڑبڑی پکڑی، جس میں ووٹر لسٹ میں ایک اندراج ‘مکان نمبر زیرو’ کے نام سے درج تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفنس کالونی ایک باقاعدہ کالونی ہے ، یہاں ایسا کوئی مکان نمبر زیرو موجود ہی نہیں۔ یہ ووٹر لسٹ میں جعلی نام جوڑنے کا واضح ثبوت ہے ۔ اس طرح کی ہیرا پھیری ہمارے جمہوری حقوق پر سیدھا حملہ ہے۔ انہوں نے تمام یوتھ کانگریس رہنماؤں اور پنجاب کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی ووٹر لسٹ کو بغور معائنہ کریں۔ کسی بھی جعلی یا مشتبہ اندراج کو ویب سائیٹ VoteChoriRoko.in پر فوری درج کریں۔
یہ پلیٹ فارم راہول گاندھی نے شروع کیا ہے تاکہ ہر اصلی ووٹر کا حق محفوظ رہے ۔دتہ نے مزید کہا کہ پنجاب یوتھ کانگریس آنے والے دنوں میں بیداری مہم، دستخطی مہم اور احتجاجی مظاہرے بھی کرے گی تاکہ انتخابی دھاندلی کو بے نقاب کیا جا سکے ۔