پنجہ شاہ کے گیس ریپیرنگ سنٹر میں دھماکہ، 7 افراد جھلس گئے

   

لاپرواہی کا مقدمہ درج

حیدرآباد۔ میر چوک کے علاقہ پنجہ شاہ میں پیش آئے ایک واقعہ میں گیس اسٹو کی مرمت کے دوران گیس کے اخراج سے 7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق میر چوک پولیس اسٹیشن میں ایم مہیش چاری جو پیشہ سے سنار ہے نے ایک شکایت درج کرائی جس میں بتایا گیا کہ آج صبح 11 بجکر 50 منٹ پر وہ اپنے ساتھی دیور کنڈہ کرن کے ہمراہ گیس اسٹو کی مرمت کیلئے پنجہ شاہ میں واقع طلحہ عمودی گیس ریپرنگ سنٹر پہنچا تھا اور وہاں پر پہلے سے ہی بعض گاہک موجود ہونے پر وہ اپنی باری کیلئے انتظار کرنے لگا۔ اسی دوران دکان کے مالک و میکانک طلحہ عمودی نے گیس اسٹو کی جانچ کیلئے لائٹر جلایا تھا کہ گیس کے اخراج کے بعد وہاں پر اچانک معمولی سا دھماکہ ہوا جس میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس میر چوک نے بتایا کہ زخمی حالت میں سات افراد طلحہ عمودی ، محمد کریم الدین، کرن چاری، ایم مہیش، ارشد یافعی اور سید قدیر کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا جہاں پر ان کا علاج کیا گیا۔پولیس میر چوک نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریپرنگ سنٹر کے مالک کی مبینہ لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔