پنجہ گٹہ جنکشن پر امبیڈکر مجسمہ نصب کرنے کی ناکام کوشش

   

Ferty9 Clinic

دو سابق کانگریس ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راو اور ہرش کمار گرفتار ۔ پولیس سے دھکم پیل
حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) پولیس نے آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں کانگریس کے دو سابق ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ اور ہرش کمار کو حامیوں کے ساتھ اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ پنجہ گٹہ جنکشن پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ہنمنت اور ہرش کمار 50 سے زائد حامیوں کے ساتھ صبح 5 بجے پنجہ گٹہ جنکشن پہنچے اور ان کے ساتھ ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ تھا ، انہوں نے مجسمہ کی تنصیب کی جیسے ہی کوشش کی ، پولیس کی بھاری جمیعت پہنچ گئی اور تعمیری کام کو روک دیا۔ پولیس نے اس لاری کو تحویل میں لے لیا جس میں ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ تھا ۔ ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین پولیس کے رویہ کے خلاف احتجاج کرنے لگے ۔ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کی تصاویر پر مشتمل پوسٹرس اور بیانرس کے ساتھ پہنچے تھے ۔ انہوں نے پولیس سے بحث کی اور کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کا بہانہ بناکر ایک ماہ قبل مجسمہ کی تنصیب سے روک دیا گیا تھا ۔ اب جبکہ کوئی انتخابی ضابطہ اخلاق نہیں ہے ، لہذا مجسمہ نصب کرنے کی اجازت دی جائے ۔ ایک مرحلہ پر ہنمنت راؤ نے رسیوں کی مدد سے وہاں موجود ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ کو منہدم کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ مجسمہ بھی اجازت کے بغیر نصب کیا گیا ہے۔ اگر امبیڈکر کا مجسمہ نصب نہیں ہوتا تو وہ راج شیکھر ریڈی کے مجسمہ کو بھی برقرار رہنے نہیں دیں گے ۔ پولیس نے احتجاجیوں کو گھیرلیا اور بحث و تکرار کے بعد حراست میں لے کر بلارم پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔ ہنمنت راؤ نے گرفتاری سے قبل دھمکی دی کہ اگر امبیڈکر کے مجسمہ کو نصب نہیں کیا گیا تو تلنگانہ بھر میں دلت احتجاج پر مجبور ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کے تیار کردہ دستور کی دفعہ 3 کے تحت تلنگانہ وجود میں آئی لیکن آج ان کے مجسمہ کو نصب کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ پولیس اور بلدی حکام مجسمہ کی توہین کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 5 لاکھ روپئے کے خرچ سے مجسمہ تیار کیا گیا ہے۔ گرفتاری کے موقع پر پولیس اور کانگریس قائدین اور کارکنوں کے درمیان دھکم پیل ہوئی جس میں بعض کارکن زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ہلکی طاقت کا استعمال کرکے کارکنوں کو حراست میں لیا۔ بعد میں ہنمنت راؤ نے اے سی پی پنجہ گٹہ ، انسپکٹر اور سب انسپکٹر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی ۔ انہوں نے شکایت میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے سرقہ اور درجہ فہرست اقوام کے عوام پر لاٹھی چارج کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اے سی پی ، انسپکٹر اور سب انسپکٹر نے غیر انسانی رویہ اختیار کیا اور لاٹھی چارج کے ذریعہ اہم قائدین کو بھی نشانہ بنایا۔ ہنمنت راؤ کے ڈرائیور ناگ راجو کو زخم آئے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے رویہ سے ڈاکٹر امبیڈکر کے حامیوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ بلدی حکام نے پولیس کا تعاون کیا ۔ سابق میں جب بلدی حکام کی جانب سے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی توہین کی گئی تو خاطی ملازمین کو معطل کیا گیا تھا ۔ انہوں نے دوسری مرتبہ مجسمہ کی تنصیب روکنے پر پولیس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہنمنت راؤ کو شام میں نامپلی کورٹ میں پیش کیا گیا۔