پنجہ گٹہ قتل کیس میں 5افراد گرفتار

   

ڈیوٹی میں لاپرواہی پر سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل معطل

حیدرآباد ۔ 12 ستمبر (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے لیاقت کی موت کے کیس میں پیشرفت کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ کمشنر پولیس نے ڈیوٹی پر لاپرواہی کے الزامات میں سب انسپکٹر شیوا شنکر اور ہیڈکانسٹیبل رمیش کو معطل کردیا اور آج میریڈین ریسٹورنٹ کو بند کردیا گیا اور ریسٹورنٹ کیخلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ یاد رہیکہ کل دہی کے مسئلہ پر ہوٹل کے عملہ اور مبینہ طور پر مالکین نے حملہ کرتے ہوئے لیاقت کو ہلاک کردیا تھا۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیا اور دو ملازمین کو فوری طور پر خدمات سے معطل کردیا۔ گرفتار شدگان میں کرشنا سوریہ پرکاش، پانڈو، آفتاب حیدر، معین اور عزیز شامل ہیں۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ بی درگاراؤ نے بتایا کہ گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دیا جارہا ہے اور تمام زاویوں سے لیاقت قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہوٹل اور قریب کے سی سی ٹی وی کیمروں اور سی ڈی آر کی جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ میں ملوث مزید افراد بشمول مالکین کے رول کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ ہوٹل کے سابقہ ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے جیسا کہ ہوٹل میں جھگڑا اور ہوٹل مالکین کے رویہ کے متعلق اطلاعات حاصل ہورہی ہیں۔ میریڈین ہوٹل کے متعلق اور مالکین جارہانہ رویہ اور گاہکوں سے جھگڑے کی پولیس کو ٹھوس اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور ریسٹورنٹ کے باعث پارکنگ کا مسئلہ بھی ہے۔ معطل سب انسپکٹر شیواشنکر پر متوفی لیاقت سے مجرموں جیسا سلوک کرنے اور مبینہ طور پر زخمی لیاقت کو مارنے کے الزامات ہیں۔ جھگڑے کے بعد پولیس اسٹیشن میں پیش آئے حالات اور پولیس کی لاپرواہی پر شہریوں نے برہمی ظاہر کی ہے۔ اگر لیاقت کو بروقت طبی امداد پہنچائی جاتی جیسا کہ خود لیاقت نے تکلیف بیان کی تھی تو شاید لیاقت بچ جاتا لیکن سب انسپکٹر شیواشنکر نے لیاقت اور ان کے ساتھیوں کی گاڑی کی چابی کو چھین لیا اور دواخانہ جانے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ان کے ساتھ گالی گلوج کی۔ شہریوں نے معطل شدہ سب انسپکٹر اور ہیڈکانسٹیبل کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ع