پنجہ گٹہ میٹرو اسٹیشن کے قریب طالب علم پر حملہ و اغواء کی کوشش

   

حیدرآباد۔/12 فروری، ( سیاست نیوز) پنجہ گٹہ میٹرو اسٹیشن کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک گروپ نے طالب علم پر حملہ کرتے ہوئے اس کا اغواء کرنے کی کوشش کی۔ انسپکٹر پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن سی ہریش چندرا ریڈی نے بتایا کہ جئے رام جو طالب علم ہے اپنے ساتھیوں کوشک اور ابھیلاش کے ہمراہ ڈی سری رام سے ملاقات کیلئے پنجہ گٹہ میٹرو اسٹیشن کے قریب آیا تھا اور وہ آپس میں بات چیت کررہے تھے۔ اسی دوران تقریباً 15 افراد کے ایک گروپ نے مذکورہ تینوں دوستوں پر اچانک حملہ کرتے ہوئے انہیں کار میں جبراً منتقل کرنے کی کوشش کی۔ اس حملہ کے بعد پنجہ گٹہ میٹرو اسٹیشن کے قریب سنسنی پھیل گئی اور راہ چلتے افراد نے پولیس کنٹرول روم ڈائیل 100 پر اس واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں پولیس کی ایک ٹیم نے وہاں پہنچ کر گروپ کو منتشر کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ سری رام اور جئے رام کے درمیان رقمی لین دین پر اختلافات چل رہے تھے۔ اس واقعہ میں زخمی افراد کو قریب کے ایک دواخانہ منتقل کیا گیا اور حملہ آوروں کے خلاف مختلف دفعات بشمول فساد برپا کرنے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی۔ب