حیدرآباد ۔ 20 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز)پنجہ گٹہ کے علاقہ میںآج صبح ایک آٹو رکشھا ڈرائیور کو چند نامعلوم افراد نے گھات لگا کر کئے جانے والے حملہ میں ہلاک کر دیا ۔ پولیس نے کہا کہ مقتول کی شناخت میر ریاست علی ساکن پنجہ گٹہ کی حیثیت کی گئی ہے جو خود بھی تین ماہ قبل اپنے ایک دوست کے قتل کا ملزم بتایا گیا ہے ۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہا کہ ریاست علی کے قتل میں تین افراد 40 سالہ عبدالرحمن ساکن چنتل میٹ ‘ 19 محمد اظہر ساکن ناگرجنا ہلز پنجہ گٹہ اور 27 سالہ عبدالعلیم ساکن بی ایس مقطعہ پنجہ گٹہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ دیگر دو افراد 22 سالہ سید امجد ساکن بڑی مسجد پنجہ گٹہ اور 20 سالہ محمد حسن عرف بابو ساکن گولکنڈہ قلعہ مفرور بتائے گئے ہیں ۔ کمشنر پولیس کے مطابق مقتول ریاست علی جو خود بھی اپنے ایک ساتھی انورکے قتل کا ملزم تھا حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا ۔ مقتول انور کا بیٹا اظہر نے اپنے چچا عبدالرحمن کے ساتھ موقع کے تلاش میں تھا اور آج اپنے چند ساتھیوں کو لے کر ریاست علی مہلک حملہ کر دیا جس کے نتیجہ میں وہ ہلاک ہوگیا ۔ کمشنر پولیس کی اس پریس کانفرنس میں ڈی سی پی ویسٹ زون بی سمتی‘ ایڈیشنل ڈی سی پی سنیتا ریڈی ‘ ٹاسک فورس ایڈیشنل ڈی ایس پی رادھا کشن راؤ ‘ اے سی پی پنجہ گٹہ تروپتنا اور دیگر موجود تھے ۔