ملزم گرفتار ، رقمی لین دین پر جھگڑا ، علاقہ میں سنسنی
حیدرآباد ۔ /26 جون (سیاست نیوز) شہر میں قتل و غارت گری روزانہ کا معمول بنتی جارہی ہیں ۔ چھوٹے موٹے معاملات پر قتل کا کلچر عام ہوتا جارہا ہے اور پولیس جرم کی وارداتوں کو روکنے میں ناکام ہورہی ہے ۔ تازہ ترین واقعہ میں شہر کے مصروف ترین علاقہ پنجہ گٹہ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک آٹو ڈرائیور نے دوسرے آٹو ڈرائیور کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق چہارشنبہ کی شام اے وائی جنکشن کے قریب دو آٹو ڈرائیور آپس میں اچانک جھگڑنے لگے ۔ بتایا جاتا ہے کہ آٹو ڈرائیور ریاست علی نے دوسرے آٹو ڈرائیور محمد انور کے پیٹ میں چاقو گھونپ دیا جس کے نتیجہ میں انور کی انتڑیاں باہر آگئی ۔ شدید زخمی انور کو پولیس نے بذریعہ 108 ایمبولینس گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی ۔ اس واقعہ کے بعد پنجہ گٹہ علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس پنجہ گٹہ نے آٹو ڈرائیور ریاست علی کو حراست میں لے لیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ دونوں آٹو ڈرائیورس کے درمیان رقمی لین دین پر تنازعہ چل رہا تھا اور اچانک دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور ریاست علی نے اپنے ساتھی آٹو ڈرائیور پر قاتلانہ حملہ کردیا ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔