پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں خاتون کا اقدام خود سوزی

   

حیدرآباد ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک خاتون نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگاتے ہوئے خودسوزی کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 45 سالہ لوکیشوری جس کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے، تین دن قبل حیدرآباد آئی تھی اور نامپلی ایک مینار مسجد کے قریب واقع لاڈج میں کرایہ پر کمرہ حاصل کیا تھا ۔ لوکیشوری آج شام 6 بجے پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہنچ کر پارکنگ لاٹ میں اچانک خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی ۔ اس واقعہ کے بعد پولیس اسٹیشن پنجہ گٹہ میں سنسنی پھیل گئی اور وہاں سے گزرنے والے راہ گیر اور پولیس عملہ اسے بچانے کی کوشش کی جس کے نتیجہ میں کچھ دیر تک ٹریفک جام ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ لوکیشوری جس کا تعلق ٹاملناڈو سے ہے ، وارثی گوڑہ سکندرآباد سے تعلق رکھنے والے پراوین نامی شخص کو 7.5 لاکھ روپئے قرض دیا تھا اور وہ اس کی ادائیگی میں تاخیر کر رہا تھا ۔ اس واقعہ میں لوکیشوری 60 فیصد جھلس گئی اور پنجہ گٹہ پولیس نے اسے نمس ہاسپٹل منتقل کیا اور بعد ازاں دواخانہ عثمانیہ کے برننگ وارڈ میں شریک کیا گیا ہے ۔ پولیس پنجہ گٹہ نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔