پنجہ گٹہ چوراہے پر وی ہنمنت راؤ کی ایک روزہ بھوک ہڑتال

   

امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کا مطالبہ، ریونت ریڈی نے تائید کا اعلان کیا
حیدرآباد۔14 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پنجہ گٹہ چوراہے پر امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کیلئے آج دن بھر احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ تین سال قبل جس مقام پر مجسمہ کی تنصیب کی کوشش کی گئی ، اسی مقام پر امبیڈکر جینتی کے موقع پر ہنمنت راؤ نے دھرنے کا آغاز کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پولیس کی تحویل میں موجود مجسمہ کو فوری نصب کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی حکام نے ٹریفک میں خلل کا بہانہ بناتے ہوئے پہلے مجسمہ کو منہدم کردیا تھا جس کے بعد آندھراپردیش سے نیا مجسمہ حاصل کیا گیا جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ امبیڈکر کے مدون کردہ دستور کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے لیکن حکومت امبیڈکر کی توہین کر رہی ہے۔ انہوں نے مجسمہ کی تنصیب تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ بعد میں صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ہنمنت راؤ کو تیقن دیا کہ کانگریس پارٹی مجسمہ کی تنصیب کیلئے جدوجہد کرے گی۔ نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی نے ہنمنت راؤ کو شربت پیش کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کو ختم کرایا۔ ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ مجسمہ کیلئے ہنمنت راؤ مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں اور کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مجسمہ پولیس کی تحویل سے نکال کر پنجہ گٹہ پر نصب کرنا چاہئے ۔ ر