سری گنگا نگر: راجستھان کے سری گنگا نگر ضلع میں رائے سنگھ نگر میونسپل کے نائب صدر ہریش ڈابی سمیت 15 بی جے پی اور آزاد کونسلر کانگریس میں شامل ہوگئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق میونسپل بورڈ میں اب کانگریس کونسلروں کی تعداد 18 ہوگئی ہے ۔ اس سے بی جے پی میونسپل صدر منیش کوشل ٹونی اقلیت میں آگئے ہیں۔ بورڈ میں کل 35 کونسلر ہیں۔ سمجھا جارہا ہے کہ میونسپلٹی کے صدر منیش کوشل اور نائب صدر ہریش ڈابی کی آپسی رنجش اور گروپ بازی کے سبب یہ پھر بدل ہوا ہے ۔دوپہر میں مسٹر ڈابی سمیت 18 کونسلر پدم پور میں جاکر کانگریس ایم ایل اے گرمیت کنور سے ملے ۔ ان میں تین کانگریس کے کونسلر شامل تھے ۔ ڈابی سمیت 15 کونسلروں نے کانگریس کی رکنیت اختیار کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ مسٹر کنور نے انہیں پارٹی کی رکنیت حاصل کرائی۔کانگریس کی رکنیت حاصل کرنے والوں میں بی جے پی کو چھوڑکر آنے والے کونسلر سونینا شاہ، اشوک گوئل، چرنجیت سنگھ عرف گنگ، ملکہ سونی، جگدیش کڈیلا، سنیل نائک اور خود میونسپلٹی کے نائب صدر ہریش ڈابی شامل ہیں۔