پنشنرس کو فوری عبوری راحت فراہم کرنے کا مطالبہ

   

تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس، ٹی سبھاکر راؤ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 2 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی حیدرآباد نے پے ریویژن کمیشن رپورٹ کی اب تک عدم وصولی کو پیش نظر رکھتے ہوئے پنشنرس کیلئے فی الفور عبوری راحت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکومت بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا۔ مسٹر کے لکشمیا صدرنشین اور مسٹر ٹی سبھاکر راؤ سکریٹری جنرل کمیٹی نے اپنے ایک بیان میں یہ بات کہی اور بتایا کہ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس آج منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنمنٹ پنشنرس کو درپیش مختلف مسائل پر سنجیدگی سے غوروخوض کیا گیا اور ریاست میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں دوبارہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت حکومت کی تشکیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کی توقع کی گئی کہ چیف منسٹر تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے اپنی اولین ترجیح دیں گے۔ ان قائدین نے مزید بتایا کہ دسویں پے ریویژن کمیشن سفارشات کی روشنی میں 70 سال عمر مکمل کرنے والے پنشنرس کیلئے 15 فیصد ایڈیشنل پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت سے مؤثر نمائندگی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ پنشنرس کو یکم ؍ جولائی 2018ء اور یکم جنوری 2019ء سے متعلق دو گرانی الاؤنس کے بقایا جات کو فی الفور ادا کرنے، تلنگانہ میں خدمات انجام دیکر وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے تمام پنشنرس کیلئے اور برسرخدمت سرکاری ملازمین کو فراہم کرنے کی اساس پر خصوصی انسینٹیو فراہم کرنے، راجیو سوہا گروہا کے تعمیر کردہ فلیٹس کو سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ پنشنرس کو بھی فلیٹس مقررہ قیمت پر فراہم کرنے، دیگر ریاستوں کے خطوط پر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں سفر کیلئے 60 سال عمر کے پنشنرس کیلئے 50 فیصد رعایتی پاسیس فراہم کرنے، گریٹر حیدرآباد میں پنشنرس بھون تعمیر کرنے کیلئے کم از کم 1000 گز اراضی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ پنشنرس کیلئے طبی مصارف ادائیگی کے طریقہ کار کو جاری رکھتے ہوئے طبی مصارف کی رقومات پر عائد تحدیدات کو برخاست کرنے کا حکومت بالخصوص چیف منسٹر تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا۔