پنشنرس کے دیرینہ مسائل کی فوری یکسوئی کا مطالبہ

   

۔ 15 نومبر سے ریاست گیر سطح پر احتجاج کا انتباہ
حیدرآباد۔/4 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے خلاف ریاست گیر سطح کے احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ روز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا اور حکومت کو 14 نومبر تک مسائل کی یکسوئی کی مہلت دی ہے بصورت دیگر 15 نومبر کو 2 لاکھ 70 ہزار وظیفہ یابوں کے ذریعہ ریاست گیر احتجاج کا انتباہ دیا۔ صدر نشین تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی لکشمیا نے بتایا کہ وظیفہ یابوں کے مسائل پر کسی قسم کا کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا جاتا۔ اپنی پوری سرویس حکومت کی خدمت میں صرف کرنے والے وظیفہ یاب افراد سرکاری اسکیمات کی کامیاب عمل آوری کیلئے دن رات محنت کرنے والے حکومت کو دکھائی نہیں دیتے آج ہمارے مسائل سننے کیلئے بھی حکومت تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیدار بشمول چیف سکریٹری بات چیت اور مسائل سننے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 کے بعد سبکدوش ہونے والے وظیفہ یابوں کو پی آر سی پر عمل آوری میں تعطل کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بقایا جات کی ادائیگی میں حکومت نے 36 اقساط پر بقایا جات ادا کرنے کا وعدہ کیا تھا اور جی او جاری کیا تاہم اس پر بھی عمل آوری نہیں کی جارہی ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ان بقایاجات کی ایک وقت ادائیگی کا مطالبہ کیا اور اپنے دیگر مسائل پیش کئے۔ اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے دیگر قائدین موجود تھے۔ ع