پنشنرس کے وظیفہ میں کٹوتی کیخلاف ہائی کورٹ میں درخواست

   

Ferty9 Clinic

حکومت کو کٹوتی کا حق نہیں، درخواست گزار کا استدلال، 17 جون کو سماعت
حیدرآباد ۔15۔ جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے پنشنرس کے وظیفہ میں 25 فیصد کٹوتی کے معاملہ پر سماعت ہوئی۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس درخواست کی سماعت کی گئی ۔ درخواست گزار کی جانب سے سینئر کونسل ایم رنگیا نے بحث کی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 3 لاکھ سے زائد وظیفہ یاب ملازمین اپنے وظیفہ میں کٹوتی نہ کرنے کی درخواست کر رہے ہیں ۔ عدالت سے درخواست کی گئی کہ وہ مکمل پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پنشن دستوری حق ہے اور حکومت کو کٹوتی کا اختیار نہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے پنشن میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ معاملات میں حکومت کو مکمل اختیارات حاصل ہیں۔ فریقین کی سماعت کے بعد عدالت نے حکومت کے اختیارات کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی اور آئندہ سماعت 17 جون تک ملتوی کردی۔ ایک اور مقدمہ کی سماعت میں عدالت نے اولڈ ایج ہوم کیلئے درکار فنڈس کے سلسلہ میں کارپوریٹ کمپنیوں و این جی اوز کے ذریعہ انتظامات کرنے کی حکومت کو ہدایت دی۔ عدالت نے اولڈ ایج ہوم میں موجود افراد کی تفصیلات اور تعداد طلب کی ہے۔ سکریٹری سوشیل ویلفیر اور پرنسپل سکریٹری چائلڈ اینڈ ویمن ویلفیر کو اس سلسلہ میں ہدایت دی گئی ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت 23 جون کو ہوگی۔