پنشن اسکیم میں مرکز کا ایک روپیہ بھی شامل نہیں

   

Ferty9 Clinic

بہتر مستقبل کیلئے کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر : کے ٹی آر کا ادعا
حیدرآباد 29 جون ( این ایس ایس) ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر و سابق وزیر کے ٹی راما راو نے آج کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ریاستی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہیں۔ انہوں نے سرسلہ میںٹی آر ایس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں پنشن اسکیم کیلئے مرکزی حکومت ایک روپیہ بھی فراہم نہیں کر رہی ہے ۔ اس کے باوجود بی جے پی یہ دعوی کر رہی ہے کہ این ڈی اے حکومت کی جانب سے پنشن اسکیم کیلئے ریاست کو فنڈز دئے جا رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ضلع اور منڈلوں میں ٹی آر ایس قائدین کو تربیت دی جائیگی کہ وہ ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو کس طرح سے فائدہ پہونچائیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کالیشورم پراجیکٹ پر پیسہ ضائع کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ بہتر مستقبل کیلئے ہے اور اس کا مقصد 45 لاکھ ایکڑ اراضیات کو سیراب کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ پینے کا پانی فراہم کرنا اور صنعتی ضروریات کی تکمیل بھی اس پراجیکٹ کا مقصد ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ دسہرہ تہوار تک ضلع ٹی آر ایس پارٹی آفس کی تعمیر کیلئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ بھی دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی دفاتر کی تعمیر کا مقصد عوام میں اعتماد پیدا کرنا اور ان کی بہتر خدمات کو ہر سطح پر یقینی بنانا ہے ۔ پارٹی ورکرس کو چاہئے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے بلدیات اور میونسپل کارپوریشنس کے انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کریں۔