حیدرآباد ۔27۔ مئی(سیاست نیوز) حکومت کے وظیفہ یاب ملازمین کے پنشن میں 25 فیصد کٹوتی کا معاملہ تلنگانہ ہائیکورٹ سے رجوع ہوا۔ پنشنرس جے اے سی کے قائد لکشمیا نے درخواست داخل کرتے ہوئے عدالت سے اپیل کی کہ پنشن میں کٹوتی کے خلاف حکومت کو ہدایت دیں۔ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ درخواست کی سماعت کی گئی۔ تلنگانہ کے تین لاکھ وظیفہ یاب ملازمین کے پنشن میں کٹوتی نہ کرنے کی درخواست کی گئی۔ درخواست گزار نے کہا کہ ماہِ مئی کا مکمل وظیفہ ادا کیا جائے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ پنشنرس کے مسئلہ کا حکومت جائزہ لے رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر یکم جون کو مکمل وظیفہ جاری نہیں کیا گیا تو اسی دن فیصلہ سنایا جائے گا۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت یکم جون تک ملتوی کی گئی ۔