حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے اربن ملیریا سنٹر کے فیلڈ ورکرس کو نلگنڈہ میں ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود پنشن کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس ایس نندا نے ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل نہ کرنے پر پرنسپل سکریٹریز محکمہ صحت اور فینانس کرسٹینا چونگٹو اور کے رام کرشنا راؤ کو ڈائرکٹر پبلک ہیلت رویندر نائیک کے ہمراہ 27 ستمبر کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر 27 ستمبر تک سابقہ احکامات کے مطابق پنشن جاری نہیں کیا گیا تو مذکورہ عہدیداروں کو عدالت میں پیش ہوکر وجوہات بیان کرنی چاہیئے۔ تقریباً 10 فیلڈ ورکرس نے توہین عدالت کا مقدمہ دائر کیا جنہوں نے محکمہ صحت میں خدمات انجام دی تھیں۔ عدالت نے اپنے سابقہ احکامات میں عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ کم از کم 1994 سے خدمات کا شمار کرتے ہوئے پنشن کی ادائیگی کی کارروائی کی جائے۔ نومبر 2022 میں دیئے گئے احکامات پر آج تک عمل نہیں کیا گیا۔1