پنشن یافتگان کیلئے ڈیجیٹل جیون پرمان پتر مہم

   

نئی دہلی، 13 اگست (یو این آئی) پنشن اور پنشن یافتگان کی فلاح و بہبود کا محکمہ، پینشن یافتگان کی پنشن جاری رکھنے کے لیے نومبر میں قومی سطح پر ڈیجیٹل جیون پرمان پتر مہم چلائے گا جس کے تحت 1850 سے زیادہ اضلاع، شہروں اور قصبوں میں کیمپ لگائے جائیں گے ۔ پنشن اور پنشن یافتگان کی فلاح و بہبود کے سیکرٹری وی-سرینواس نے اس مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے بدھ کے روز بتایا کہ اس کے لیے انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک اپنے 1.8 لاکھ ڈاکیوں اور دیہی ڈاک سیوکوں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعہ 1600 اضلاع اور ذیلی ڈیویژن پوسٹ آفسز میں کیمپ منعقد کرے گا۔ یہ بینک گھر گھر جا کر جیون پرمان پتر دینے کی خدمات بھی فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نومبر 2024 میں 845 شہروں میں پہلی بار یہ پروگرام شروع کیا گیا تھا اور اس وقت اس مہم کے تحت 1.62 کروڑ افراد کے جیون پرمان پتر جمع کیے گئے تھے ۔ چہرے کی تصدیق کی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پنشن یافتگان کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے لیے یہ اب تک کی سب سے بڑی مہم ہے۔