واشنگٹن: پنٹگان کے باہر گزشتہ روز ہونے والے حملے میں ایک پولیس افسر ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوگئے ۔ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ واقعے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں پینٹاگون فورس پروٹیکشن ایجنسی (پی ایف پی کا ایک افسر ہلاک اور متعدد لوگ زخمی ہوئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایجنسی کے افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹر پر پولیس افسر کی ہلاکت پر اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تعزیت اور دعائیں افسر کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ مزید تفصیلات ان کے گھر والوں کی اطلاع کے بعد جاری کی جائیں گی۔اس سے قبل پینٹاگون پولیس چیف ووڈرو کوسے نے کہا تھا کہ محکمہ دفاع کی عمارت کے باہر ایک میٹرو بس پلیٹ فارم کے پولیس افسر پر حملہ کیا گیا تھا اور وہاں فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی مزید مشتبہ کو تلاش نہیں کر رہے ہیں اور کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن واقعے کی تحقیقات جاری ہے ۔