صدرنشین اردواکیڈیمی طاہربن حمدان کی سیاست نیوزسے بات چیت ‘ اردوکی ترقی پرخصوصی توجہ
نرمل ۔6دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جاریہ ماہ منعقدہ گرام پنچایت انتخابات میں کانگریس کے تائیدی امیدواروں کی شاندار کامیابی یقینی ہے ۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے ریاست کے تمام طبقا ت میں کانگریس کی کارکردگی کولے کر کافی جوش و خروش پایا جاتاہے ۔وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کے اضلاع میں دورہ کے موقع پر عوام کا جوش وخروش اس بات کا ثبوت ہے ۔ یہ بات صدرنشین اردواکیڈیمی ریاست تلنگانہ مسٹرطاہر بن حمدان نے عادل آباد میںر یونت ریڈی کے جلسہ عام میں شرکت کیلئے روانہ ہوتے ہوئے نرمل میں توقف کے دوران مقامی دفتر سیاست میںسید جلیل ازہرسے ملاقات کے دوران بتائی ۔ انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت تلنگانہ کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے سنجیدہ ہے ۔ ہر علاقہ کے ذمہ دارشہریوں کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ اردو کی ترقی اور ترویج پرخصوصی توجہ مرکوز کریں۔ والدین پربھی بڑی ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ وہ نسل نوکو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ اس لیے کہ تعلیم یافتہ نسل ہی ترقی یافتہ معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردارادا کرسکتی ہے ۔نسل نوکوبھی چاہئے کہ اپنے والدین کی فرمانبرداری کرتے ہوئے تعلیم یافتہ بن کر اپنے گھراور اپنے علاقہ کا نام روشن کریں اوریاد رکھیںکہ اپنے گھرکے بزرگوں کی آنکھیں کبھی بھیگنے مت دینا کیونکہ جس گھرکی چھت سے پانی ٹپکتا ہے اس گھر کی دیواریں بھی کمزور ہوجاتی ہیں۔ مسٹر طاہر بن حمدان نے بتایا کہ اردوکی ترقی اور اردواکیڈیمی کی اسکیمات کو اور بھی وسعت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے خصوصی فنڈس کی اجرائی کیلئے بہت جلد نمائندگی کی جائے گی۔ انہوںنے واضح انداز میں کہا کہ ریاست ہوکہ ملک ہو ایک مستحکم حکومت صرف اور صرف کانگریس ہی فراہم کرسکتی ہے ۔ وہ دن دورنہیںریاست تلنگانہ سارے ملک میںایک مثالی ریاست بن کرابھرے گی۔ آخرمیں انہوںنے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے مختلف شعبہ جات کی ترقی کیلئے نمایاں قدم اٹھائے ہیں۔ بالخصوص گلوبل سمٹ کے انعقاد سے تلنگانہ کی ترقی نئی راہ ریاست کو دکھائے گا۔