پنچایت انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کیلئے متحدہ کوشش کریں

   

Ferty9 Clinic

کارکنوں کے اجلاس سے جگاریڈی کا خطاب، مخالف پارٹی سرگرمیوں پر کارروائی کا انتباہ
سنگاریڈی میں صنعتوں کے قیام کیلئے نرملا ریڈی سرگرم

سنگاریڈی 25 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے کانگریس قائدین و کارکنان کا اجلاس سنگاریڈی میں جگا ریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں نرملاجگا ریڈی چیر پرسن تلنگانہ انڈسٹرئل انفرا اسٹرکچر کارپوریشن نے بھی شرکت کی۔ جگا ریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ریاست میں جب کانگریس بر سر اقتدار نہیں تھی اس وقت جن قائدین نے پارٹی کا ساتھ دیا ان قائدین کو سرپنچ کے لیے پارٹی امیدوار بنایا جائے گا اور ان کی کامیابی کے لیے ہر ممکنہ مدد کی جائے گی۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے 84 مواضعات سے کانگریس سرپنچ کو کامیاب کروانے تمام کارکن متحدہ طور پر سعی کریں۔ پنچایت انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے لیے کارکنوں کو سنجیدہ و سخت محنت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انھوں نے مخالف پارٹی کام کرنے والے قائدین و کارکنان کے خلاف سخت کاروائی کا انتباہ دیا۔ کانگریس کے ایسے کسی بھی کارکن یا لیڈر کو معاف نہیں کروں گا جو کانگریس کے سرپنچ امیدوار کو ہرانے کی کوشش میں ملوث ہوں گے۔ انھوں نے پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد پارٹی میں شامل ہونے والے قائدین کا نام سرپنچ امیدوار کے لیے پیش نہ کریں۔ سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت کی جانب سے عمل کئے جانے والے فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرواتے ہوے پنچایت انتخابات میں عوام سے ووٹ حاصل کیا جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، وزیر صنعت سریدھر بابو اور ٹی جی آئی آئی سی کارپوریشن چیئرپرسن نرملا جگاریڈی حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں صنعتوں کے قیام کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ صنعتوں کے لیے کسان رضاکارنہ طور پر اراضی دینے پر ہی حاصل کی جارہی ہیں صنعتیں شروع ہوں گی تو اس علاقے کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ نرملا ریڈی چیر پرسن ٹی جی آئی آئی سی حلقہ سنگاریڈی میں صنعتوں کے قیام اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کے لیے سعی کر رہی ہیں۔ انھوں نے وضاحت کی کہ تین سال بعد منعقدشدنی اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے نرملا جگا ریڈی کانگریس ایم ایل اے امیدوار ہوں گی۔ گذشتہ انتخابات میں شکست کے باوجود حلقہ سنگاریڈی کی ترقی کے لیے چیف منسٹر سے فنڈس منظور کروا رہا ہوں۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں گرام پنچایت انتخابات کے لیے انتخابی کمیٹی انجنیالو، نرملا جگاریڈی، توپاجی اننت کشن، رام ریڈی، توگرپلی پربھو، چدروپا راگھو گوڈ شامل ہیں۔ گرام پنچایت انتخابات سے متعلق ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ حلقہ سنگاریڈی کے چار منڈل کے پارٹی صدور اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے دیہاتوں کی نگرانی کرتے رہیں گے۔