پنچایت انتخابات کیلئے تحفظات میں کمی ناانصافی

   

حکومت کا بی سی طبقات سے امتیازی رویہ : جیون ریڈی کا الزام
حیدرآباد 3 جنوری ( پی ٹی آئی ) کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے پنچایت انتخابات میں بی سی طبقات کیلئے تحفظات کی حد میں کمی کرتے ہوئے ان سے ناانصافی کی ہے ۔ پنچایت انتخابات جاریہ مہینے منعقد ہونے والے ہیں۔ سابق رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکام کو بہانہ کے طور پر پیش کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت نے بی سی طبقات کے تحفظات میں 12 فیصد کی کمی کردی ہے ۔ ریاستی حکومت پسماندہ طبقات کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ حالانکہ ہائیکورٹ نے پہلے ہدایت دی تھی کہ تحفظات تکنیکی طور پر اعداد و شمار کی بنیاد پر ہونے چاہئیں لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ مجالس مقامی انتخابات میں تحفظات آبادی کے تناسب سے دئے جائیں۔ جیون ریڈی نے ادعا کیا کہ کچھ عہدیداروں نے 2011 کی مردم شماری میں بے قاعدگیاں کی ہیں تاکہ تحفظات پر اثر انداز ہوسکیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے گدشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ریاستی حکومت نے ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق پسماندہ طبقات کے تحفظات میں کٹوتی کرنے آرڈیننس جاری کیا ہے ۔