پنچایت انتخابات کیلئے درمیانی انگلی پر نشان لگانے کا فیصلہ

   

حیدرآباد 3 جنوری ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے ووٹرس کو پنچایت انتخابات میں دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی پر انک کا نشان لگایا جائیگا تاکہ حالیہ اختتام پذیر اسمبلی انتخابات کے نشان سے کوئی غلط فہمی پیدا ہونے نہ ہائے ۔ ریاستی الیکشن کمشنر وی ناگی ریڈی نے آج اس سلسلہ میں تمام ریٹرننگ آفسرس اور پریسائیڈنگ آفیسروں کو احکام جاری کئے ۔ ریاست میں 7 جنوری سے پنچایت انتخابات کا عمل شروع ہونے والا ہے اور 21 جنوری کو پہلے مرحلہ کی پولنگ ہوگی ۔ جملہ تین مراحل میں پنچایت انتخابات ہونگے ۔ 7 ڈسمبر کو اسمبلی انتخابات کی پولنگ میں دائیں ہاتھ کی دوسری انگلی پر نشان لگائے گئے تھے اور شائد ابھی یہ نشان باقی ہوں اس لئے اس بار درمیانی انگلی پر نشان لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پنچایت انتخابات کی پولنگ کے دوران اس نشان کے تعلق سے کوئی غلط فہمی نہ ہو اس لئے بھی یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔