پنچایت انتخابات کے لئے انتظامیہ متحرک

   

ضلع محبوب نگر میں 50 فیصد نشستیں خواتین کیلئے مختص

محبو ب نگر۔/2 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گرام پنچایت انتخابات کیلئے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ ضلع میں 3 مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ جنوری کی 21، 25 ،20 کو انتخابات کیلئے ضلع انتظامیہ متحرک ہے۔ انتخابات محبوب نگر ضلع کے 1862 گرام پنچایتوں میں ہوں گے۔ گرام پنچایت کی محفوظ نشستوں کی تفصیلات ضلع انتظامیہ نے حکومت کو روانہ کردی ہے۔ خواتین کو 50 فیصد تحفظات دینے سے اس مرتبہ 841 خاتون سرپنچ منتخب ہوں گے۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ کردیا گیا ہے۔ اس کے تحت ایک ماہ تک کسی بھی نئی اسکیم پر عمل آوری نہیں ہوگی۔ ضلع پنچایت کے عہدیداروں نے فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دے دی ہے۔ الیکشن کیلئے بیالٹ پیپرس اور دیگر ضروری اشیاء تیار ہوچکے ہیں۔ سرپنچ کیلئے جنرل زمرہ کے امیدوار کو رقم ضمانت 2ہزار روپئے اور محفوظ کیلئے ایک ہزار روپئے جمع کروانا ہوگا۔ اسی طرح جنرل وارڈ ممبر کیلئے رقم ضمانت 500 اور محفوظ کیلئے 2500 روپئے ضمانت کی رقم مقرر ہے۔ پولنگ کے اوقات صبح 7تا دوپہر ایک بجے مقرر ہیں۔ اسی دن رائے شماری اور نتائج کا اعلان ہوگا۔ اور اسی دن نائب سرپنچ کا انتخاب بھی ہوگا۔ انتخابات کے بہتر انعقاد کیلئے درکار عملہ کا تقرر کرکے انہیں تربیت دی جارہی ہے۔