فلاحی اسکیمات عوام تک پہنچانے کی خواہش ، ضلع کانگریس دفتر میں اجلاس ، طاہر بن حمدان و دیگر کا خطاب
نظام آباد۔12 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کانگریس پارٹی دفتر نظام آباد میں آج ضلع راجیو گاندھی پنچایتی راج سنگٹھن صدر گنگادھر گوڑ کی زیر قیادت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جملہ مسائل اور تنظیمی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں قومی راجیو گاندھی پنچایتی راج سنگٹھن سکریٹری و ریاستی انچارج سُبھا ش یاکر نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ریاستی اُردو اکیڈمی صدر طاہر بن حمدان اور پی سی سی ڈیلگیٹ شیکھر گوڑ بطور مہمانانِ خصوصی شریکت کی۔اس موقع پر طاہر بن حمدان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راجیو گاندھی پنچایتی راج سنگٹھن، راجیو گاندھی کی دور اندیشی اور انقلابی سوچ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب گاؤں کی پنچایتوں کو براہِ راست اختیارات اور مرکز سے نچلی سطح تک فنڈز منتقل ہوئے تب ہی حقیقی ترقی کا عمل ممکن ہوا۔ راجیو گاندھی نے آئین کی 72 اور 73 ترمیمات کے ذریعے گرام پنچایتوں کو بااختیار بنایا، جس سے ملک کی ترقی کو زبردست تقویت حاصل ہوی۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور راجیو گاندھی کی تحریک سے متاثر ہوکر ریاست کی کانگریس حکومت آج 42 فیصد بی سی ریزرویشن دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ اسی طرح راہول گاندھی کی پد یاترا کا مقصد عوام کے مسائل کو قریب سے جاننا اور ہر طبقہ کو اس کا جائز حق دلانا تھا۔ طاہر بن حمدان نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گاؤں کی سطح پر سَرپنچ، ایم پی ٹی سی اور وارڈ ممبران کی مدد سے کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچائیں تاکہ آنے والے مقامی ادارہ جات کے انتخابات میں کانگریس کو کامیابی حاصل ہو اور پارٹی مزید مضبوط ہو۔شیکھر گوڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجیو گاندھی پنچایتی راج سنگٹھن کے ذریعہ گاؤں کی سطح پر پارٹی کو مستحکم بناتے ہوئے عوام کے درمیان جانا اور ان کی ضروریات جاننا ہی ہماری اصل ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ حکومت کی جانب سے اتنی فلاحی اسکیمات فراہم کئے جانے کے باوجود ہم عوام تک صحیح طور پر ان کی تفصیلات نہیں پہنچا پا رہے۔ اس لیے ہر کارکن کا فرض ہے کہ وہ فلاحی اسکیمات کو گھر گھر پہنچائے اور پارٹی کی کامیابی کے لیے سرگرم عمل رہے۔اس اجلاس میں آر جی پی آر ایس زونل انچارج موتکوری نوین، ورنی مارکٹ کمیٹی کے چیئرمین سریش بابا، بلاک کانگریس صدور پولا سانی سرینواس، سنتوش ریڈی، اندور شیکھر، وینکٹیشور پٹیل، اٹم جیون، سینئر کانگریس لیڈر راجندر پرساد، مختلف منڈلوں کے صدور بُدیرے سوامی، مُتھیم ریڈی، لکشمن، شہید، سائی ریڈی، چھوٹے بالا راجو، وجے، بھومیش ریڈی، مہپال، روی پرکاش، سابق زیڈ پی ٹی سیز، سابق ایم پی پیز، سابق سرپنچوں سمیت کثیر تعداد میں قائدین و کارکنان شریک تھے۔