پنچایت راج اداروں کے استحکام کیلئے مرکز سے رقم کی اجرائی پر زور

   

Ferty9 Clinic

ریاستی وزیر ای دیاکر راو کی مرکزی معتمد پنچایت سے ملاقات ۔ تحریری یادداشت حوالے
حیدرآباد۔5اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں پنچایت راج اداروں کے استحکام اور ترقی کے علاوہ نئے پنچایت راج اداروں کی عمارتوں کی تعمیر کیلئے مرکز فوری 254.74 کروڑ کی اجرائی کے اقدامات کرے جس کا 14ویں فینانس کمیشن میں دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ریاستی وزیر پنچایت راج مسٹر ای دیاکر راؤ نے آج مرکزی وزارت پنچایت کے سیکریٹری مسٹر راہول پرساد سے ملاقات کے دوران ایک تحریری یادداشت حوالہ کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں پنچایت راج اداروں کو مستحکم بنانے کے علاوہ نئی اسکیمات اور پنچایت راج اداروں کو خود مختار بنانے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ریاست میں عوامی حکمرانی کو فروغ حاصل ہورہا ہے۔ انہو ںنے مرکزی حکومت سے خواہش کی کہ وہ فوری اس مسئلہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائے کہ تلنگانہ کے پنچایت راج اداروں کیلئے سال 2019-20 کے دوران 200 نئی عمارتوں کی تعمیر کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے درکار بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پنچایت راج اداروں کے اختیارات میں اضافہ کے اقدامات اور قانون سازی ملک بھر میں مثالی اقدام ہے اور ملک کی بیشتر ریاستوں کی جانب سے اس کی ستائش کی جا رہی ہے اور خود مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں پنچایت راج اداروں کو اختیارات کی سراہنا کی ہے لیکن اب تک منظورہ بجٹ کی عدم اجرائی سے پنچایت راج اداروں میں ترقیاتی کام تعطل کا شکار ہیں اسی لئے مرکز بالخصوص وزارت پنچایت راج کو اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے تلنگانہ کیلئے منظورہ بجٹ کی اجرائی عمل میں لائی جانی چاہئے ۔