پنچایت راج اداروں کے تحفظ کیلئے 22 ڈسمبر کو ایک روزہ احتجاج

   

Ferty9 Clinic


کانگریس کے عوامی نمائندوں کو دھمکیاں
گاندھی بھون میں تقریب سے اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد: صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت پنچایت راج نظام کو کمزور کر رہی ہے ۔ گاندھی بھون میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی پنچایت راج سنگھٹن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے پنچایت راج اداروں کو نقصان پہنچانے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا ۔ پنچایت راج سنگھٹن کے نائب صدرنشین ہرش وردھن ، اسٹیٹ انچارج کرن ، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، ارکان مقننہ جیون ریڈی ، جگا ریڈی اور دیگر قائدین نے اجلاس میں شرکت کی ۔ مجالس مقامی کے اداروں کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور قائدین کا کہنا تھا کہ ٹی آر ایس حکومت نے سرپنچوں ، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کو فنڈس کی عدم فراہمی کے ذریعہ کمزور کردیا ہے۔ پارٹی نے 22 ڈسمبر کو اندرا پارک پر ایک روزہ احتجاج کا فیصلہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کئی برسوں سے پنچایتوں کے زیر التواء بلز منظور کرنے سے انکار کر رہی ہے۔ فینانس کمیشن نے جو فنڈس منظور کئے، حکومت نے آج تک جاری نہیں کیا۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 22 ڈسمبر کو ایک روزہ احتجاج منظم کرتے ہوئے ریاستی گورنر کو یادداشت پیش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی نے ملک بھر میں پنچایت راج اداروں کو مستحکم کرتے ہوئے اختیارات حوالے کئے تھے۔ کے سی آر نے ریاست میں پنچایت راج سسٹم کو کچل کر رکھ دیا ہے۔ پنچایت راج کے فنڈس کو ٹی آر ایس کے عوامی نمائندے لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کو ہراساں کرتے ہوئے برسر اقتدار پارٹی نے شامل ہونے پر اصرار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے اپیل کی کہ وہ مجالس مقامی کے استحکام کیلئے جدوجہد میں آگے رہیں۔