حیدرآباد۔/18 جولائی، ( سیاست نیوز) حکومت نے مختلف محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں تفصیلات طلب کی ہیں۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے پنچایت راج اور دیہی ترقی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات کل تک پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت راج ، دیہی ترقی، رورل واٹر سپلائی، پنچایت راج انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ، تلنگانہ اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف رورل ڈیولپمنٹ، سوامی رامانند تیرتھ انسٹی ٹیوٹ اور دیگر اداروں میں مخلوعہ جائیدادوں سے متعلق تفصیلات پیش کی جائیں۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست، ضلع اور منڈل سطح کی جائیدادوں کے علاوہ ریگولر، کنٹراکٹ، آؤٹ سورسنگ اور ہنگامی طور پر حاصل کی گئی خدمات سے متعلق علحدہ تفصیلات پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ میں برسرخدمت ملازمین اور پروموشن سے خالی ہونے والی جائیدادوں کی فہرست تیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ میں بہتر خدمات کیلئے درکار تعداد سے بھی حکومت کو واقف کرایا جائے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ وہ پیر تک مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات محکمہ فینانس میں داخل کردیں۔
